سرینگر؍۱۱مارچ
منشیات اسمگلنگ کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ سنگم کی ایک ٹیم نے ہلمولہ علاقے میں معمول کی چیکنگ کے دوران ایک ماروتی آلٹو گاڑی کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے تقریباً۴ء۹۰کلو گانجا جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد ڈرائیور کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔ڈرائیور کی شناخت سہیل احمد بٹ ولد نذیر احمد بٹ ساکن بلیار مرہامہ کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس پوسٹ سنگم کی ایک پارٹی نے کے وی پورہ مرہامہ علاقے میں ایک شخص کو دھر لیا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً۳ء۷۴کلو چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جو ایک نائیلون بیگ میں چھپایا گیا تھا۔ملزم کی شناخت عبد الرشید بٹ ولد عبد الرزاق بٹ ساکن بٹہ پورہ مرہامہ کے طور پر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں ایف آئی آر۵۶/۲۰۲۶اور ایف آئی آر۵۷/۲۰۲۶کے مقدمے درج کئے گئے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔










