سرینگر/۰۲اگست
مرکز نے وادی کشمیر میں انتخابی ڈیوٹی کے لیے اب تک نیم فوجی دستوں کی تقریباً 300 کمپنیاں تعینات کی ہیں۔
یہ کمپنیاں سری نگر، ہندواڑہ، گاندربل، بڈگام، کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اننت ناگ، شوپیاں، پلوامہ، اونتی پورہ اور کولگام میں تعینات کی گئی ہیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے نیم فوجی دستوں کی 298 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں جن میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس ، بارڈر سیکورٹی فورس ، سہستر سیما بل اور انڈو تبت بارڈر پولیس شامل ہیں۔
عہدیداروں کے مطابق سرینگر میں سب سے زیادہ 55 کمپنیاں آئی ہیں، اس کے بعد اننت ناگ میں 50، کولگام میں 31، بڈگام، پلوامہ اور اونتی پورہ پولیس اضلاع میں 24،24، شوپیاں میں 22، کپواڑہ میں 20، بارہمولہ میں 17، ہندواڑہ میں 15، بانڈی پورہ میں 13 اور گاندربل میں 3 کمپنیاں ہیں۔
تین مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن منگل کو جاری کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں 18 ستمبر، دوسرے مرحلے میں 25 ستمبر اور تیسرے اور آخری مرحلے میں یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔