جموں/۲۰اگست
ادھم پور کے چیل ڈیڈو علاقے میں مفرور ملی ٹینٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔
بتادیں کہ گزشتہ روز ادھم پور کے ڈیڈو علاقے میں ملی ٹینٹوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف آفیسر جاں بحق ہوا ۔
اطلاعات کے مطابق ادھم پور کے کئی جنگلی علاقوں میں منگل کے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوںپر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
دفاعی ذرائع کے مطابق ادھم پور کے چیل ڈیڈو علاقے میں سی آر پی ایف کی گشتی پارٹی پر حملے کے بعد مفرور ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملی ٹینٹ گھنے جنگلات میں ہی چھپے بیٹھے ہیں اور انہیں بہت جلد مار گرایا جائے گا۔
دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ جنگلی علاقے میں ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے جبکہ مقامی لوگوں کو فی الحال جنگل کی اور جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔
بتادیں کہ جموں صوبے میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے مدد گاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کے باوجود بھی شدت پسند تخریبی سرگرمیوں کو انجام دے رہے ہیں۔