جموں//
سائنس وٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ہفتے کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے حکومت شفاف، موثر اور بلا امتیاز طرز حکمرانی کے عزم کے ساتھ ہر شہری تک فلاحی خدمات پہنچانے کے مشن پر سرگرم عمل ہے ۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘وزیر اعظم مودی کے جامع ترقیاتی ویژن کی زندہ تعبیر ہے ، جس کے تحت ملک کے ہر طبقے کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے کٹھوعہ کے بسوہلی میں عوامی دربار سے خطاب کے دوران کیا۔
عوامی دربار کے دوران ڈاکٹر سنگھ نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جموں میں قائم آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا ایک آؤٹ ریچ مرکز بسولی میں قائم کیا جائے گا، جس سے یہاں کے لوگوں کی دیرینہ طبی ضروریات پوری ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز۲۴گھنٹے سپر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں، سرجنوں اور ایمرجنسی خدمات کی دستیابی کو یقینی بنائے گا۔
مرکزی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ایمزجموں اور جموںکشمیر حکومت کے درمیان اس ضمن میں بات چیت جاری ہے اور جلد ہی مقام کا تعین اور عملے کی تعیناتی کا شیڈول طے کیا جائے گا۔
ڈاکٹر سنگھ نے یہ بھی کہا کہ بسوہلی،بلور کو الگ ضلع بنانے کا معاملہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور جیسے ہی جموں و کشمیر میں ضلعی تنظیم نو کی اگلی کمیٹی قائم ہوگی، اس پر زور دیا جائے گا۔
بسوہلی کو ورثہ ٹاؤن کے طور پر نوٹیفائی کرنے سے متعلق وزیر موصوف نے کہا کہ یو ٹی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ایک باضابطہ تجویز مرکز کو روانہ کرے تاکہ اس پر کارروائی کی جا سکے ۔
عوامی دربار میں وزیر نے شہریوں کی انفرادی اور اجتماعی شکایات کو توجہ سے سنا اور کئی معاملات پر موقع پر ہی احکامات صادر کئے ۔ کئی ایسے معاملات بھی سامنے آئے جن پر پہلے درباروں میں بات ہو چکی تھی، جن کی پیش رفت سے بھی انہیں آگاہ کیا گیا۔ وزیر نے یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر تمام زیر التواء امور کی نگرانی کریں گے تاکہ عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے ۔
ڈاکٹر سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری صرف مسائل حل کرنا ہی نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہم آہنگی، شفافیت اور احساسِ شراکت داری پیدا کرنا بھی ہے ۔
مرکزی حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے حکومت ہر شہری تک شفاف، موثر اور بلا امتیاز خدمات فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘اسی وژن کی عملی تصویر ہے ۔