سرینگر//
سیکورٹی فورسز نے ضلع پلوامہ کے سب ڈویژن ترال میں دو ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، گرینیڈز اور گولہ بارود برآمد کیا ہے ۔
پولیس کے مطابق اونتی پورہ پولیس، فوج کی۴۲راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کی۱۸۰ویںبٹالین نے ترال کے واگڈ کراسنگ پر قائم ایک ناکے کے دوران کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔
پولیس نے کہاکہ گرفتار شدگان کی شناخت عمر محی الدین بٹ ولد غلام محی الدین ساکن نادر ترال اور شکیل احمد شیخ ولد غلام حسن شیخ ساکن کچہ مولہ ترال کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملی ٹینٹ معاونین کے قبضے سے دو ہینڈ گرینیڈ،۵۹گولیوں کے راونڈ، ایک میگزین اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ افراد ترال اور اونتی پورہ علاقوں میں کالعدم تنظیم جیشِ کے سرگرم دہشت گردوں کو اسلحہ، گولہ بارود اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کر رہے تھے ۔
پولیس اسٹیشن ترال میں اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر۲۰۲۵/۸۶کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ وادی میں امن و قانون کو درہم برہم کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔