سرینگر//
بدھ کے روز کشمیر کے کئی حصوں میں بارش ہوئی ، جس سے شدید گرمی کی لہر سے راحت ملی۔
محکمہ موسمیات نے اگلے۳۶ گھنٹوں کے دوران وادی کے کچھ مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ موسمی نظام جمعرات تک جاری رہے گا۔
کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے اوسط بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہے گی۔ کشمیر کے کچھ مقامات پر شدید بارش/موسلادھار بارش ہو سکتی ہے اور الگ الگ مقامات پر بھاری بارش کا امکان ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ ، مٹی کے تودے گرنے اور پتھروں کی وجہ سے چند خطرناک مقامات پر اچانک سیلاب آنے کا امکان ہے۔ اس سے دریاؤں ، ندیوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے اور چند نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ۱۱تا۱۳جولائی تک گرم اور مرطوب موسم کے ساتھ ساتھ بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔
اہلیان وادی ان بارشوں کا بی صبری سے انتظار کر رہے تھے اور ان کے لئے دعائیں مانگ رہے تھے ۔غلام محمد نامی ایک کسان نے بتایا’’یہ بارشیں انتہائی ضروری تھیں نہ صرف ان سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا بلکہ یہ فصلوں کیلئے بھی بہت ضروری تھیں‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ موسم میں یہ تغیر پوری وادی میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے بعد دیکھنے کو مل رہا ہے ۔
کشمیر میں۵جولائی کو سات دہائیوں میں سب سے زیادہ دن کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جب سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۴ء۳۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سب سے زیادہ بارش راجوری میں۵۶ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کٹرا میں۲ء۴۵ملی میٹر، جموں میں۴ء۳۹ملی میٹر اور سری نگر میں۳ء۳۱ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں ڈویژن کے بعض علاقوں میں آئندہ ۲۴گھنٹوں کے دوران مزید شدید بارش کا امکان ہے ، جس کے نتیجے میں نچلے علاقوں میں پانی جمع ہونے ، ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اورمٹی کے تودے گرنے جیسے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
منگل کی شام جموں میں تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی تیز بارش کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی محسوس کی گئی، تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے سے قبل تازہ موسمی صورتحال سے باخبر رہنا ضروری ہے ، کیونکہ ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات کافی زیادہ ہیں۔