سرینگر//
پولیس نے سرینگر میں دو منشیات فروشوں کی قریب۷۵لاکھ رویے مالیت کی رہائشی جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ منشیات کی لعنت سے نمٹنے اور منشیات کی اسمگلنگ میں معاونت کرنے والے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کیلئے ایک اہم اقدام میں، سری نگر پولیس نے نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹنسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت تقریباً ۷۵لاکھ روپیے کی رہائشی جائیداد ضبط کی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ اراضی کے ساتھ ایک منزلہ رہائشی مکان پر مشتمل یہ جائیداد سری نگر کے اتھواجن میں واقع ہے اور یہ دو بدنام زمانہ منشیات فروش بھائیوں عرفان احمد گنائی اور اعجاز احمد گنائی پسران منظور احمد گنائی کے قبضے میں ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں افراد این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن پانتھہ چوک میں درج ایف آئی آر۲۰۲۵/۵؍اور ایف آئی آر نمبر۲۰۲۴/۱۳۶میں ملوث ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ جائیداد، جو ملزموں کے والد کے نام پر رجسٹر ہے ، منشیات کی ناجائز اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم سے حاصل کی گئی تھی۔
ترجمان نے کہا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ، سری نگر پولیس نے قانونی کارروائی کے مطابق اس غیر منقولہ جائیداد کو باضابطہ طور پر ضبط کر دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر اس جائیداد کو فروخت، منتقل یا دوسری صورت میں ڈیل نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان نے کہا کہ ملزمین کی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی تاریخ ہے اور وہ بنیادی طور پر مقامی نوجوانوں کو ٹارگیٹ بنا رہے تھے جس سے صحت عامہ اور حفاظت کو شدید خطرہ لاحق تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے ، جس میں مالیاتی ڈھانچے کو ختم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ سری نگر پولیس معاشرے سے منشیات کے استعمال کو ختم کرنے کے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے ۔