سرینگر///
جموں کشمیر پولیس نے شمالی ضلع کپواڑہ کے سوگام علاقے میں پاکستان میں مقیم کشمیری دہشت گرد کمانڈر کی جائیداد ضبط کی ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائی ممنوعہ تنظیم حزب المجاہدین اور جمعیت المجاہدین سے وابستہ ایک اعلیٰ کمانڈر کے خلاف کی گئی ہے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق، مذکورہ دہشت گرد کی شناخت غلام رسول شاہ عرف رافع رسول شاہ ولد عبدالجبار شاہ کے طور پر ہوئی ہے ، جو دراصل پیر محلہ چندیگام، لولاب، کپواڑہ کا رہائشی ہے اور اس وقت پاکستان سے سرگرم ہے ۔
پولیس کے مطابق غلام رسول شاہ گزشتہ کئی برسوں سے وادی میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو منظم اور معاونت فراہم کرنے میں ملوث رہا ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ پانچ کنال اور تین مرلہ اراضی کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے ) کی دفعہ ۲۵کے تحت ضبط کیا گیا ہے ۔
یہ کارروائی پولیس اسٹیشن کپواڑہ میں درج ایف آئی آر نمبر۲۰۲۲/۲۷۶کے تحت کی گئی ہے ۔
پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کارروائی دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سرحد پار معاونین کے مالی نیٹ ورک کو ختم کرنے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں ان افراد کے لیے ایک سخت پیغام ہیں جو ملک کے اندر یا باہر بیٹھ کر ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں یا ان کی حمایت کرتے ہیں۔
پولیس نے اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ان کا عزم مضبوط ہے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔