نئی دہلی//
ہندوستانی فضائیہ کا جگوار جنگی طیارہ بدھ کی دوپہر راجستھان کے چورو میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں دونوں پائلٹ کی موت ہوگئی۔
فضائیہ نے بتایا کہ یہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا۔ حادثے میں دونوں پائلٹ کی موت ہوگئی ہے ۔ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔
فضائیہ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا’’ہندوستانی فضائیہ کا جگوار ٹرینر طیارہ آج راجستھان کے چورو میں معمول کے تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، اس حادثے میں دونوں پائلٹ کی موت ہوگئی، کسی شہری یا املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ فضائیہ اس المناک حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتی ہے اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے ‘‘۔
اس طیارے نے سورت گڑھ ایئربیس سے اڑان بھری تھی۔ رواں سال جگوار طیارے کا یہ تیسرا حادثہ ہے ۔ اس سے قبل مارچ اور اپریل میں ایک جگوار طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔ یہ ٹوئن انجن جنگی طیارہ ۱۹۷۰میں فضائیہ کے بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔
دنیا کے متعدد ممالک کی فضائیہ نے ان طیاروں کو اپنے بیڑے سے ہٹا دیا ہے لیکن ہندوستانی فضائیہ اب بھی اس جنگی طیارے کو استعمال کر رہی ہے ۔