سرینگر/۱۹اگست
جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کے صدر‘ طارق حمیدقرہ نے پیر کے روز کہا کہ کانگریس پارٹی ہم خیال لوگوں یا پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے لئے تیار ہے اور نیشنل کانفرنس نے انتخابات سے قبل اتحاد کے لئے کانگریس کی مرکزی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔
قرہ نے نئی دہلی سے واپسی کے بعد سرینگر میں پی سی سی ہیڈ کوارٹر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا”جہاں تک اتحاد کا تعلق ہے، ہم ہم خیال لوگوں یا پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہیں حال ہی میں دہلی میں پارٹی ہائی کمان نے جموں و کشمیر پی سی سی چیف مقرر کیا تھا“۔
نیشنل کانفرنس کے بارے میں انہوں نے انکشاف کیا کہ پارٹی قیادت نے انتخابات سے قبل اتحاد کے لئے دہلی میں مرکزی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹیوں کا خیال ہے کہ ہمیں تقسیم کرنے والی طاقتوں اور بی جے پی کو شکست دینی ہے تو وہ یقینی طور پر کانگریس کے ساتھ اتحاد کریں گے۔ اور ہم یقینی طور پر کامیاب ہوں گے۔