سرینگر/۸اگست
کئی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے جمعرات کو یہاں ایس کے آئی سی سی میں الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) سے ملاقات کی اورجموں کشمیر میں فوری اسمبلی انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔
جن سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے ملاقات کی ان میں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، بی جے پی شامل ہیں جبکہ جب یہ رپورٹ درج کی گئی تو بات چیت جاری تھی۔
نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور علاقے میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کا مطالبہ کیا۔
وانی نے کہا”آج ہم یہاں الیکشن کمیشن سے ملنے آئے ہیں۔ یہ اچھی بات ہے کہ الیکشن کمیشن ہماری بات سننے کے لیے یہاں آیا ہے، اور ہمیں امید ہے کہ اب صحیح فیصلہ لیا جائے گا“۔
این سی صوبائی صدر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ دس سالوں سے منتخب حکومت کا انتظار کر رہے ہیں۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے وفد نے بھی الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ملاقات کی اور انہیں منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں نچلی سطح پر لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا”ہم نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنا مطالبہ رکھا۔ پی ڈی پی کی سینئر خاتون رہنما آسیہ نقاش نے کہا کہ ہم نے انہیں بغیر کسی تاخیر کے اسمبلی انتخابات کرانے کی ترغیب دی“۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر آر ایس پٹھانیہ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوں اور سب سے زیادہ رائے دہندگان کا ٹرن آو¿ٹ ریکارڈ پر آئے گا تاکہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی منتخب حکومت تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ انتخابات کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
بی جے پی کے چیف ترجمان سنیل سیٹھی نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ علاقے میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کی وکالت کی ہے اور اس کے لئے بی جے پی زمین پر پوری طرح تیار ہے۔
ان کاکہنا تھا” ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلی انتخابات جلد از جلد کرائے جائیں۔ بی جے پی انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ تاہم ہمیں سیکیورٹی اور انتخابات کے مرحلہ وار انعقاد کے حوالے سے کچھ خدشات ہیں“۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) جمعرات کی صبح جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر پہنچا جس کے دوران وہ سیاسی جماعتوں، پولیس اور سول انتظامیہ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کرے گا تاکہ علاقے میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں تازہ ترین رائے حاصل کی جاسکے۔