سرینگر/۸اگست
الیکشن کمیشن آف انڈیا(ای سی آئی) کی ایک ٹیم جمعرات کو جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لے گی اور سیاسی جماعتوں سے رائے لے گی۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی قیادت میں ٹیم آج صبح یہاں پہنچی اور شیری کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کررہی ہے۔
جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے منگل کے روز مختلف سیاسی جماعتوں کو مکتوب جاری کرتے ہوئے انہیں الیکشن کمیشن کے ساتھ میٹنگ کے لئے مدعو کیا تھا۔
سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن کے ساتھ ملاقات کے لئے وقت دیا گیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ( پی ڈی پی ) ، بی جے پی ، کانگریس اور جموں و کشمیر پینتھرس پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے الیکشن کمیشن کی ٹیم سے ملاقات کرنے کے لئے ایس کے آئی سی سی پہنچ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پول سمیت پولیس اور سول انتظامیہ کے کئی سینئر افسران بھی ایس کے آئی سی سی پہنچے۔
الیکشن کمیشن مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انتخابات کے انعقاد کے لئے سپریم کورٹ کی 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن سے چند ہفتے پہلے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لے گا۔
کمار کے ساتھ الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ایس ایس سندھو بھی ہیں۔
کمیشن تمام اضلاع کے الیکشن افسران اور پولیس سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ ساتھ چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے ساتھ بھی تیاریوں کا جائزہ لے گا۔
تین روزہ دورہ 10 اگست کو جموں میں اختتام پذیر ہوگا جہاں الیکشن کمیشن قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کرے گا۔ جائزہ کے عمل کے بارے میں میڈیا کو بریف کرنے کے لئے جموں میں ایک پریس کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔
اس سال مارچ کے اوائل میں کمار ، جو اس وقت مرکز کے زیر انتظام علاقے کا دورہ کرنے والے تین رکنی کمیشن کے واحد رکن تھے ، نے سیاسی جماعتوں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو یقین دلایا تھا کہ الیکشن کمیشن جلد ہی جموں و کشمیر میں انتخابات کرائے گا۔
اس وقت الیکشن کمشنر کے دو عہدے خالی تھے۔ وہ ۱۶مارچ کو لوک سبھا انتخابات کے اعلان سے کچھ دن پہلے بھرے گئے تھے۔
جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات میں ریکارڈ ٹرن آوٹ کے بعد کمار نے کہا تھا”یہ فعال شرکت جلد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ایک بہت بڑی مثبت بات ہے تاکہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جمہوری عمل پھلتا پھولتا رہے“۔
سیاسی جماعتوں سے ملاقات کے علاوہ کمیشن چیف الیکٹورل آفیسر اور مرکزی فورسز کے کوآرڈینیٹر کے ساتھ صورتحال کا جائزہ بھی لے گا۔ (ایجنسیاں)