سرینگر//
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ‘ودھی کمار بردی نے جمعے کے روز کہاکہ وادی میں منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سبھی اضلاع میں کریک ڈاون کو مزید تیز تر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
ان باتوں کا اظہار آئی جی پی نے بارہمولہ میں نامہ نگاروں سے با ت کے دوران کیا۔
بردی نے کہاکہ جموںکشمیر پولیس نے منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف جو مہم شروع کی ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
آئی جی پی کشمیر کے مطابق سماج میں منشیات جیسی لعنت کو ختم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
بردی نے کہاکہ یومیہ وادی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد کیس رجسٹر ہو رہے ہیں اور جہاں تک بارہمولہ کا تعلق ہے یہاں پر اس حوالے سے قابل تعریف کام ہو رہا ہے ۔
آئی جی پی کشمیر نے کہاکہ منشیات کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز تر کرنے کی ضرورت ہے اور جوکوئی بھی اس میں ملوث ہوگا اس کو بخشا نہیں جائے گا۔
بردی نے کہاکہ سماج کو بھی منشیات کا روبار کرنے والوں کے بارے میں پولیس کو آگاہ کرنا چاہئے تاکہ اس برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جاسکے ۔
بتادیں کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال۲۰۲۳کے اختتام تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ۲۶۴کیس درج کئے جس کے نتیجے میں۴۶۴منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا گیا۔
پولیس کے مطابق۷۵سخت گیر منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ ضلع میں کروڑوں مالیت کی ممنوعہ اشیا کو ضبط کیا ہے ۔
آئی جی پی کشمیر نے کہا’’۲۰۲۳کے دوران ضلع میں مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات فروشوں کی۳کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں جن میں۳مکان‘۳گاڑیاں اور۲ء۱کروڑ روپے کی نقد رقم شامل ہے ، ضبط کی گئیں۔‘‘