ملتان//
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں 26 رنز سے شکست پر ٹیم سے میچ کے دوران ہونے والی غلطیوں کا اعتراف کیا ہے۔
بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں میچ کے نتائج پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعود شکیل کا آؤٹ مہنگا پڑا، ہمیں لگا کہ بال زمین پر ٹچ ہوئی ہے لیکن امپائر کے فیصلے کو ماننا پڑتا ہے اور وہی آخری فیصلہ ہوتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پروفیشنل ہونے کے ناطے ہمیں امپائرز کے فیصلے اور قوانین کو تسلیم کرنا پڑتا ہے۔
اُنہوں نے ٹیم کی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں، ہم جیت سکتے تھے لیکن ہم میچ کا اختتام اچھا نہیں کر سکے۔
اُنہوں نے کہا کہ آج یکے بعد دیگرے دو بہترین بلّے بازوں کے آؤٹ ہونے سے بہت فرق پڑا۔
اُنہوں مزید کہا کہ ہم اپنی غلطیوں کی وجہ سے آؤٹ ہوئے، یہ کھلاڑیوں کی ذمے داری ہوتی ہے کہ کیسے کھیلنا ہے، سب کچھ پچز پر نہیں چھوڑا جا سکتا کھلاڑیوں کو اپنی ذمے داری لینا ہو گی۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہماری یہ ٹیسٹ ٹیم تھوڑی مختلف ہے، ہمارے پاس 4 سے 5 وائٹ بال والے کھلاڑی ہیں کیوں کہ مکمل طور پر ٹیم کو ٹیسٹ کے لیے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
اُنہوں نے ابرار احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ابرار احمد نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اُنہوں نے خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں پرفارم کروں تو کہتے ہیں کہ میں صرف آسان صورتحال میں پرفارم کرتا ہوں، اگر کسی میچ میں پرفارم نہ کرسکوں تو کہتے ہیں کہ جب صورتحال مشکل ہوتی ہے تو میں پرفارم نہیں کرتا۔
اُنہوں نے ناقدین کو یاد لاتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف جو اننگز کھیلی تھی وہ بھی میں نے ہی کھیلی تھی۔
بابر اعظم نے ٹیم میں کی گئی تبدیلیوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ لائن کو بہتر کرنے کے لیے تبدیلیاں کی تھیں، بیٹنگ اور بولنگ کی سپورٹ کے لیے آل راؤنڈرز کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔