ملتان// انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے پیر کو کہا کہ نوجوان بلے باز ہیری بروک ہندوستان کے وراٹ کوہلی کی طرح ہرفارمیٹ میں کامیاب کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
اسٹوکس نے اسکائی اسپورٹس کو بتایا، "وہ ان نایاب کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہیں آپ تمام فارمیٹس میں دیکھتے ہیں اور آپ انہیں ہر جگہ کامیاب ہوتے ہوئے دیکھتے ہیں۔ یہ شاید تھوڑی بڑی بات ہے، لیکن وراٹ کوہلی ان لوگوں میں سے ایک ہیں جن کی تکنیک آسان ہے اور ہر جگہ کام کرتی ہے۔ وہ حریف پر جو دباؤ ڈالتا ہیں، ہم بھی وہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
انگلینڈ کے 23 سالہ بلے باز بروک نے ملتان ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 109 رنز بنائے جس کی مدد سے انگلینڈ نے پاکستان کو 26 رنز سے شکست دی۔ یہ اس ٹیسٹ سیریز کے دو میچوں میں بروک کی دوسری سنچری تھی۔
اسٹوکس نے کہا، "بروک ایک ایسے کھلاڑی ہیں جن کی تکنیک تینوں فارمیٹس کے مطابق ہے۔ وہ ہمیشہ حریف پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں اور انہوں نے انگلینڈ کے لیے ایک اور میچ جیتا ہے۔”
بروک اس سے قبل ستمبر میں انگلینڈ کے دورہ پاکستان پر اپنی ٹیم کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ وہ فی الحال ون ڈے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں لیکن جونی بیرسٹو کی ایڑی کی چوٹ ٹھیک نہ ہونے کی صورت میں جلد ہی تیسرے فارمیٹ میں بھی انگلینڈ کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔
اسٹوکس نے کہا، ’’ ان کے ساتھ کپتانی کرنا آسان ہے۔ وہ صرف اپنے کھیل کے بارے میں توجہ مرکوز کرتے ہیں ، اپنی بلے بازی سے محبت کرتے ہیں ، مسلسل بہتری لانا چاہتے ہیں اور مسلسل اس پر کام کرتے ہیں ۔ وہ آپ کے ڈریسنگ روم کے لئے ایک بہترین کھلاڑی ہیں۔ ‘‘