ملتان// پاکستان نے اپنے پہلے ٹیسٹ میں ابرار احمد کی مہلک اسپن (7/114) کی بدولت دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن جمعہ کو یہاں انگلینڈ کی پہلی اننگز 281 رنز پر سمیٹ دی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنالئے تھے۔ کپتان بابر اعظم 61 اور سعود شکیل 32 رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔
ابرار اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں ایک اننگز میں سات وکٹیں لینے والے پاکستان کے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل 1969 میں کراچی ٹیسٹ میں معمر نذیر نے نیوزی لینڈ کے خلاف 99 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ 1996 میں راولپنڈی میں محمد زاہد نے کیوی ٹیم کے خلاف 66 رنز دے کر اتنی ہی وکٹیں حاصل کی تھیں۔
کپتان بابر اعظم نے 24 سالہ نوجوان بولر کی شاندار فارم کو بھانپتے ہوئے اسے سب سے زیادہ مواقع فراہم کیے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی بولرز نے انگلینڈ کی پوری اننگز کو سمیٹنے کے لیے 51.4 اوورز صرف کیے جس میں ابرار نے اکیلے 22 اوورز کئے۔
بین ڈکٹ (63) اور اولی پوپ (60) کی نصف سنچریاں انگلینڈ کے لیے توجہ کا مرکز تھیں، جب کہ کپتان بین اسٹوکس (30)، بل جیکس (31) اور مارکس ووڈ (36) نے اپنی ٹیم کا اسکور قابل احترام سطح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مہمان باؤلرز نے پاکستان کی اوپننگ جوڑی کو صرف 51 رنز پر پویلین واپس پہنچا کر اپنی ٹیم کی بھرپور واپسی کی کوشش کی مگر بعد میں کریز پر آنے والے تجربہ کار بابر اور شکیل نے آج کا دن کسی نقصان کے بغیر گذارا۔