ملتان// ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا جس میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 281 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جبکہ پہلے روز ہی پاکستان بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 107 بنالیے ہیں۔
پاکستان نے چائے کے وقفے کے بعد نے اپنی اننگز کا آغاز کیا، قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق صفر جبکہ عبداللہ شفیق صرف 9 رنز پر پویلین لوٹ گئے، اس وقت کیریز پر بابر اعظم 61 اور سعود شکیل 36 رنز کے ساتھ کل کھیل کا آغاز کریں گے۔
قبل ازین ملتان ٹیسٹ میں بھی ٹاس انگلیند نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب پہلی اننگز میں 281 بنا کر آؤٹ ہوگئی۔پاکستانی کھلاڑی ابرار احمد نے ملتان ٹیسٹ میں تاریخ رقم کردی، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف عمدہ اسپن بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی 7 وکٹیں لے لی ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز کو ایک مرتبہ پھر پاکستانی فاسٹ باؤلرز کو کھیلنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور انہوں نے پہلی وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت قائم کی۔
اس موقع پر کپتان بابر اعظم پہلا میچ کھیلنے والے اسپنر ابرار احمد کو باؤلنگ کے لیے لے کر آئے جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پہلے ہی اوور میں زیک کرالی کو چلتا کردیا۔اس مرحلے پر بین ڈکٹ کا ساتھ دینے اولی پوپ آئے اور دونوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 61 گیندوں پر 79 رنز کی ساجھے داری بنائی۔بین ڈکٹ اسپنر ابرار کے اوور میں آؤٹ ہونے سے بال بال بچے لیکن اسی اوور میں دوبارہ ان کے خلاف ایل ڈبلیو کی اپیل ہوئی اور اس مرتبہ وہ ریویو پر آؤٹ قرار دیے گئے، انہوں نے 63 رنز بنائے۔
جو روٹ کا وکٹ پر قیام مختصر رہا اور نوجوان اسپنر کی خوبصورت لیگ اسپن پر وہ بھی آؤٹ قرار پائے۔
اولی پوپ نے بھی نصف سنچری اسکور کی لیکن ابرار کی گھومتی ہوئی گیندوں کا ان کے پاس بھی کوئی جواب نہ تھا اور وہ ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں انہیں کیچ دے بیٹھے۔
کھانے کے وقفے سے قبل انگلینڈ کو اس وقت پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب ابرار کی گیند پر ہیری بروک اونچا شاٹ کھیل بیٹھے اور محمد نواز نے ان کا کیچ لینے میں کوئی غلطی نہ کی۔
جب میچ کے پہلے دن کھانے کا وقفہ ہوا تو انگلینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے تھے۔وقفے کے بعد بھی ابرار کی عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے پہلے 228 کے مجموعی پر 30 رنز بنانے والے کپتان بین اسٹوکس اور پھر اپنے اگلے ہی اوور میں 31 رنز بنانے والے وِل جیکس کو بھی چلتا کردیا۔انگلینڈ کے آخری تین کھلاڑی زاہد محمود کا شکار بنے اور یوں مہمان ٹیم 281 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ابرار احمد نے 7 وکٹوں کے عوض 114 رنز دیے جبکہ زاہد محمود نے 63 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس کے موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے۔پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان نے انجریز اور ناقص فارم کے پیش نظر میچ کے لیے ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں اور اسپنر ابرار احمد کو ڈیبیو کرایا گیا ہے۔اس کے علاوہ اظہر علی کی جگہ محمد نواز جبکہ فہیم اشرف کو نسیم شاہ کی جگہ فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔انگلینڈ نے بھی میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور انجری کا شکار لیام لیونگسٹن کی جگہ فاسٹ باؤلر مارک وُڈ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ ہی کرتے، اس کے علاوہ انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ پراعتماد ہیں، مومینٹم کولیکر چلیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے پلیئنگ الیون میں تین تبدیلی ہوئی ہے، اظہر علی، قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور نسیم شاہ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، ان کی جگہ فہیم اشرف، محمد نواز اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم میں بین فوکس کی جگہ اولی پوپ ہی وکٹ کیپنگ کریں گے، مارک ووڈ کو لیام لیونگ اسٹون کی جگہ پلیئنگ الیون ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ ول جیکس بھی انگلش ٹیم پلیئنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔