نئی دہلی/۲۲نومبر
وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کے روز روزگار میلے کے تحت نئے بھرتی کئے گئے امیدواروں کو تقریباً 71 ہزار تقرر نامے سونپتے ہوئے ان سے مختلف سرکاری محکموں میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے صلاحیت سازی پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا”میں ملک کے نوجوانوں سے نئے مواقع کا فائدہ اٹھانے کی اپیل کروں گا۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ آج کے تقرر نامے محض داخلے کا ذریعہ ہیں“۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو روزگار میلے کے ذریعے تقررنامہ دینے کی یہ مہم اسی طرح جاری رہے گی۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں کو قوم کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت قوم کی تعمیر میں نوجوانوں کی صلاحیتوں اور توانائی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ کام کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے پر توجہ دیں۔ سیکھنے کے دوران اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ اپنے سینئرز سے اچھی باتیں سیکھیں۔ میں مسلسل سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں نے اپنے اندر موجود طالب علم کو کبھی مرنے نہیں دیا۔ میں ہر ایک سے ، چھوٹی چھوٹی چیزوں سے سیکھتا رہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس عادت کی وجہ سے وہ ایک وقت میں ایک سے زیادہ کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں (وزیراعظم) ایک وقت میں ایک سے زیادہ کام نمٹانے میں کبھی کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا۔