جموں/22 نومبر
فوج نے جموں کے ارینہ سیکٹر اور سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں در اندازی کی دو الگ الگ کوششوں کو ناکام بنا کر ایک در انداز کو ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف اہلکاروں نے منگل کی علی الصبح ایک پاکستانی در انداز کو فینس کی طرف جارحانہ انداز میں آتے ہوئے دیکھا۔
ترجمان نے کہا کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے در انداز کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن اس نے کوئی توجہ نہیں کی اور آگے بڑھتا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جوانوں نے کوئی دوسرا متبادل راستہ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اس پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔
بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ در اندازی کے دوسرے ایک واقعہ میں سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف اہلکاروں نے فینس پار کرنے کے دوران ایک در انداز کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ در انداز کو گیٹ کھول کے بھارت کی طرف لایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار شدہ کی تحویل سے کوئی قابل اعتراض شئی بر آمد نہیں ہوئی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ دونوں علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔