کانپور// اتر پردیش کے صنعتی شہر کانپور میں 10 ستمبر سے شروع ہونے والی روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز میں انڈین لیجنڈز کے کپتان ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے بدھ کو گرین پارک گراؤنڈ میں اپنا پسینہ بہایا۔
لوگوں کو روڈ سیفٹی کے ضوابط کے تئیں بیدارکرنے کے مقصد سے منعقدہ 20-20 اووروں کی اس سیریز میں دنیا کے سابق لیجنڈری کھلاڑیوں سے سجی سات ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ گرین پارک، کانپور میں 10 سے 15 ستمبر تک فلڈ لائٹس میں کل سات میچ کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے بقیہ میچ 17 ستمبر سے اندور، دہرادون اور رائے پور میں کھیلے جائیں گے۔ سیمی فائنل 28 اور 29 ستمبر کو اور فائنل یکم اکتوبر کو رائے پور کے شہید ویر نارائن اسٹیڈیم میں ہوگا۔
انڈین لیجنڈز کا پہلا میچ ہفتہ کو جنوبی افریقہ کے لیجنڈ سے ہوگا جس میں حصہ لینے کے لیے سچن اور یوسف پٹھان بدھ کو کانپور پہنچے تھے۔ چکیری ہوائی اڈے سے وہ سیدھا ٹیم کے قیام کی جگہ لینڈ مارک ہوٹل پہنچے جہاں سے شام سات بجے سچن اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ گرین پارک گراؤنڈ گئے اوربلے پر اپنے ہاتھ صاف کئے۔ تقریباً ایک گھنٹہ نیٹ پریکٹس کرنے کے بعد وہ ہوٹل واپس آئے۔ سچن کی شہر میں آمد کی اطلاع ملتے ہی ان کے مداح ہوٹل اور اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوگئے تاہم سخت حفاظتی انتظامات کے باعث شائقین کو اپنے پسندیدہ اسٹار کو دور سے دیکھنا پڑا۔
مقابلے کے لیے آنے والی مہمان ٹیموں کو شہر کے تین مختلف ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا۔ بنگلہ دیش لیجنڈز اور سری لنکا لیجنڈز کے کھلاڑی پہلے ہی کانپور پہنچ چکے ہیں، جنہیں رائل کلف ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی دیگر ٹیموں میں ویسٹ انڈیز لیجنڈز، آسٹریلیا لیجنڈز، نیوزی لینڈ لیجنڈز اور انگلینڈ لیجنڈز شامل ہیں۔