سرینگر/۲۶جولائی
فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل‘ اوپندرا دیویدی کا کہنا ہے کہ ملک کی مسلح فوج کا ہر جوان قوم کے تحفظ کےلئے اپنے ‘’دھرما‘پر ثابت قدم رہے گا اور ضرورت پڑنے پر قربانی پیش کرے گا۔
جی او سی نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز دراس میں کرگل جنگی یاد گار پر پھول مالا چڑھانے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
دیویدی نے کہا”کرگل وجے دیوس منا کر ہم اپنے بہادر جوانوں کی بہادری اور عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جو جہاں ایک طرف ملک کے شہریوں کےلئے ایک سبق ہیں وہیں نوجوانوں کو اچھائی و بھلائی پر گامزن رہنے کے لئے تیار کرتی ہیں“۔
ان کا کہنا تھا”میرا ملک کے تمام شہریوں کے لئے پیغام ہے کہ مسلح فوج کا ہر جوان قوم کے تحفظ کے لئے اپنے ‘’دھرما‘ پر ثابت قدم رہے گا اور ضرورت پڑنے پر قربانی پیش کرے گا“۔
دیویدی نے نوجوانوں کو اس وارثت سے تحریک لینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں کے کارناموں کو بار بار دہرانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی آنے والی نسل کو بھی ایک تحریک مل سکے ۔انہوں نے کہا”ملک کی آزادی سے لے کر جب بھی مسلح افواج کی طرف رجوع کیا گیا ہے تو انہوں نے مثالی اور بے لوث قربانیوں، فرض اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے “۔
فوجی کمانڈر کا کہنا تھا کہ قوم بھی بہادر جوانوں کی عظیم قربانیوں کی مرہون منت ہے ۔
جی او سی نے کہا کہ سال۱۹۹۹ میں در ندازوں اور پاکستانی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول کے اس پار بعض جگہوں پر قبضہ کیا تھا اور ان کو نکال باہر کرنا ایک قومی ترجیح بن گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بہادر فوجی جوانوں نے انتہائی حوصلے اور مثالی ذمہ داری سے جواب دیا اور انتہائی مشکل موسمی حالات کے بیچ اپنی ڈیوٹی کو انجام دیا۔
بتادیں کہ ملک بھر میں۲۶جولائی کو سال۱۹۹۹میں کرگل جنگ کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کو یاد کیا جاتا ہے ۔