جموں/۲۶جولائی
سونیا گاندھی کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کی طلبی اور مونسون سیشن کے دوران کانگریس کے ارکان پارلیمان کو معطل کرنے کے خلاف کانگریس لیڈروں اور کارکنوں نے منگل کو جموں میں احتجاج درج کیا۔
کانگریس لیڈران نے اس موقع پر کہاکہ بھاجپا ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ منگل کے روز جموں میں کانگریس لیڈران اور کارکنوں نے بھاجپا کی پالیسیوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر رمن بھلا نے کہاکہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی ای ڈی طلبی کے بعد مانسون سیشن کے دوران کانگریس کے ارکارن پارلیمان کو اس وجہ سے معطل کرنا کہ انہوں نے جی ایس ٹی کا مسئلہ اُٹھایا ناقابل برداشت ہے ۔
بھلا نے کہا کہ بی جے پی ملک کے حالات سدھارنے میں ناکام ہوئی ہے اور اب وہ ایسا کرکے لوگوں کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے لوگوں کے ساتھ کئے جانے والے وعدے پورے نہیں کئے جس کےلئے لوگوں میں اس پارٹی کے خلاف غصہ پایا جا رہا ہے ۔
کانگرےسی لیڈر نے کہا کہ یہ پارٹی نفرت کی سیاست کر رہی ہے جس کے تحت لوگوں کو ایک دوسرے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے ۔
احتجاج کے دوران پارٹی کے سینئر لیڈران نے میڈیا کو بتایا کہ سونیا گاندھی گذشتہ آٹھ برسوں سے غریبوں اور کسانوں کی بات اٹھا رہی ہیں اور سرکار کو الرٹ کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس آواز کو بند کرنے کی سازش کر رہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوری راج نہیں بلکہ تانا شاہی چل رہی ہے ۔