سرینگر//
سرینگر کے نوگام علاقے میں پیر کی علی الصبح ایک سڑک حادثے میں راجوری کے ایک شخص کی موت جبکہ اس کی اہلیہ اور کمسن بیٹا زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سرینگر کے ٹینگن نوگام علاقے میں پیر کی علی الصبح ایک گاڑی اور ڈمپر کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک شخص، اس کی اہلیہ اور اس کا کمسن بیٹا زخمی ہوگیا۔
زخمیوں کی شناخت۳۲سالہ محمد رفیق، اس کی اہلیہ۳۰سالہ سفورہ بیگم اور اس کا بیٹا۲سالہ محمد عامر ساکن راجوری کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجے کے لئے فوری طور شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں محمد رفیق کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا جبکہ اس کی اہلیہ اور کمسن بیٹے کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ۔۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
اِدھر سرینگر جموں شاہراہ پر پیر کے روز لیو ڈورا قاضی گنڈ کے مقام پر ٹرک نے نجی گاڑی کو ٹکر ماری جس وجہ سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز لیو ڈورا قاضی گنڈ میں ٹرک نے نجی گاڑی کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے اُس میں سوار تین افراد زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔حادثے میں زخمیوں ہوئے افراد کی شناخت ساگر داس‘ کشور ولد ساگر داس اور بال دیوا کے بطور ہوئی ۔
پولیس نے معاملے کی نسب کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
ادھر جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں مغل شاہراہ پر چٹانیں گر آنے کے نتیجے میں تین ٹرکوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز مغل شاہراہ پر بفلیاز کے نزدیک تین گاڑیوں پر پتھر گر آئے جس وجہ سے اُنہیں نقصان پہنچا۔ذرائع نے بتایا کہ تین ٹرکوں کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر معجزاتی طورپر بچ گئے ۔