لیہہ/جموں؍۸جون
دفاعی سیکریٹری راجیش کمار سنگھ نے لیہہ سیکٹر میں ہند پاک اور ہند چین سرحدوں کے ساتھ واقع اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور لداخ میں تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاری، سرحدی بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹک پائیداری کا جائزہ لیا۔
مشرقی لداخ کے مختلف اگلے علاقوں، بشمول بیس کیمپ اور شمالی گلیشیئر، کے دورے کے دوران دفاعی سیکرٹری نے فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور انتہائی دشوار گزار حالات میں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی، جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محکمہ دفاع کے ترجمان (پی آر او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ دفاعی سیکرٹری راجیش کمار سنگھ نے۵ سے۷ جون تک لیہہ سیکٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے۱۴ویں کور ہیڈکوارٹر میں سینئر فوجی کمانڈروں کے ساتھ آپریشنل تیاریوں، سرحدی بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹک نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اطلاعات کے مطابق دفاعی سیکرٹری نے فائر اینڈ فیوری کور کے ہیڈکوارٹر میں سینئر فوجی افسران کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران موجودہ سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
دورے کے دوران شمالی فوجی کمان کے سربراہ، لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے بھی ہفتہ کے روز لداخ سیکٹر کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
سرکاری حکام کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما کو آپریشنل تیاریوں، سرحدی انتظامی اقدامات اور فوجی صلاحیتوں میں اضافے کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جن کا مقصد خطے میں فوج کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
فوجی کمانڈر نے دشوار گزار اور بلند پہاڑی علاقوں میں تعینات فارمیشنز کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے مجموعی سیکورٹی ماحول کا بھی معائنہ کیا۔
انہوں نے سرحدی علاقوں میں نگرانی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور آپریشنل صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے کے لیے جاری مختلف اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔
(ایجنسیاں)










