نئی دہلی، 16 فروری (یو این آئی)
دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ دارالحکومت کو صاف، ترقی یافتہ اور آلودگی سے پاک بنانے کے لیے مقامی اداروں کو مضبوط کرنے کے مقصد سے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کو کروڑوں روپے کی خصوصی مالی مدد دی گئی ہے۔
انہوں نے پیر کو کہا کہ اس مالی امداد سے سڑکوں کی مرمت، صفائی کے نظام میں بہتری، میونسپل اسکولوں کی ترقی اور شہری سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ مالی سال 2026-27 کے لیے تقریباً 1330 کروڑ روپے کے منصوبے تیار کیے گئے ہیں، جن کے تحت لگ بھگ 1000 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی تاکہ خاص طور پر مان سون کے بعد بڑھنے والی گردوغبار کی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ حکومت نے ہدایت دی ہے کہ اہم منصوبے 30 ستمبر 2026 تک مکمل کیے جائیں اور انتظامی عمل میں تیزی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
صفائی کے نظام کو جدید بنانے کے لیے تقریباً 2300 کروڑ روپے کے طویل مدتی منصوبے کی منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت مکینیکل روڈ سویپنگ مشینیں اور الیکٹرک لٹر پِکر تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ میونسپل اسکولوں کی بہتری اور کمیونٹی ہالز کی مرمت کے لیے بھی اضافی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ کے مطابق حکومت دہلی کو ایک جدید میٹروپولیٹن شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے، جہاں صاف ماحول، مضبوط بنیادی ڈھانچہ، بہتر تعلیم اور بہتر شہری سہولتیں فراہم ہوں۔










