نئی دہلی، 24 اکتوبر (یو این آئی) خلیج بنگال کے اوپر بننے والا موسمی نظام 26 اکتوبر کی صبح تک سمندری طوفان میں تبدیل ہو کر 28 اکتوبر کے آس پاس آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ اس کے باعث کئی ریاستوں میں انتہائی شدید بارش، تیز ہواؤں اور سیلاب کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کو جاری موسمی بلیٹن میں بتایا کہ خلیج بنگال کے مشرقی وسطی حصے کے اوپر بنا واضح کم دباؤ کا حلقہ آج بعد میں کم دباؤ کے حلقہ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
محکمے کے مطابق، اس کے 25 اکتوبر کو گہرے کم دباؤ کے حلقہ میں تبدیل ہونے اور 26 اکتوبر کی صبح تک خلیج بنگال کے مغربی وسطی حصے کے اوپر سمندری طوفان کی شکل اختیار کرکے مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔
مغرب اور شمال مغرب کی سمت آگے بڑھتے ہوئے یہ موسمی نظام 28 اکتوبر کی صبح کے آس پاس آندھرا پردیش کے ساحل کے قریب خلیج بنگال کے مغرب وسطیٰ حصے تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم، بلیٹن میں طوفان کے ٹکرانے کے ممکنہ مقام یا وقت کا واضح ذکر نہیں کیا گیا ہے۔
آئی ایم ڈی نے 27 اور 28 اکتوبر کو ساحلی آندھرا پردیش میں بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اڈیشہ میں 27 اکتوبر کو انتہائی شدید بارش اور 28 اکتوبر کو بہت تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔
خلیج بنگال کے مغربی وسطی اور اس سے متصل مشرقی وسطی حصے میں 27 اکتوبر کو 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور ان کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جس سے سمندری سرگرمیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
چھتیس گڑھ میں 27 اکتوبر کو شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے بعد 28 سے 30 اکتوبر تک مختلف مقامات پر بہت تیز بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران مشرقی مدھیہ پردیش میں بھی موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمے نے 24 سے 26 اکتوبر کے دوران تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں، 24 سے 25 اکتوبر کو کیرالہ اور ماہے میں، جبکہ 24 اکتوبر کو لکشدیپ میں بعض مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ہفتے کے آخر تک مشرقی ہندوستان میں بارش کی سرگرمی بڑھنے کی توقع ہے، جس کے تحت بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، سکم اور شمال مشرقی ریاستوں کے بعض حصوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں سے کھڑی فصلوں، باغات، کمزور ڈھانچوں اور سڑکوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے ساتھ سیلاب بھی آ سکتا ہے۔ محکمے نے کہا، ”لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسم کی بگڑتی صورت حال پر نظر رکھیں اور ضرورت کے مطابق محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے تیار رہیں۔”
حساس علاقوں کے رہائشیوں کو آندھی، طوفان، بجلی گرنے اور تیز ہواؤں سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سات روزہ بارش کی پیش گوئی کے مطابق، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں 26 اور 27 اکتوبر کو موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے، جس کے بعد 28 سے 30 اکتوبر کے درمیان ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمے نے 29 اور 30 اکتوبر کو مشرقی اتر پردیش میں بعض مقامات پر شدید بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
تازہ ترین بلیٹن سے اشارہ ملتا ہے کہ شمال مغربی ہندوستان میں کچھ وقت کے لیے تیز ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ خلیج بنگال کے اس موسمی نظام کے شدت اختیار کرنے سے مشرقی ساحلی ریاستوں میں سب سے زیادہ شدید موسمی سرگرمیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔








