نئی دہلی، 24 اکتوبر (یو این آئی) کورین کلچرل سینٹر انڈیا کی جانب سے نئی دہلی کے سلیکٹ سٹی واک مال میں 23 اور 24 اکتوبر کو کوریا کلچر ڈے 2026′ کا انعقاد کیا گیا۔ اس جشن میں کے۔ پاپ، روایتی کوریائی موسیقی، تائیکوانڈو اور ثقافتی پیش کشوں کے ساتھ کوریائی کھانوں، روایتی کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کو بھی شامل کیا گیا۔
اس سال رنگ دے کوریا اور ‘کے ہارمنی فیسٹا کو یکجا کرکے کوریا کلچر ڈے 2026کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ اپریل 2026 میں ہندوستان اور جنوبی کوریا کے رہنماؤں کی جانب سے طے کیے گئے مشترکہ وژن کے تحت منعقد ہونے والے اس جشن کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
رنگ دے کوریا 2022 سے نئی دہلی میں کوریائی ثقافت کو فروغ دے رہا ہے، جبکہ کے ہارمنی فیسٹا کے ذریعے ملک کے مختلف شہروں تک کوریائی ثقافت پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
اس سال جشن کا موضوع ون لائٹ، ٹو سٹیز (ایک روشنی، دو شہر) رکھا گیا ہے۔ یہ ہندوستان کی دیوالی اور کوریا کے چوسوک تہوار کی روایات سے متاثر ہے اور دونوں ممالک کی ثقافتی مماثلتوں اور باہمی دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔ تقریب کے مقام پر روشنیوں سے سجی ایک خصوصی راہداری بھی تیار کی گئی، جہاں آنے والوں کو دونوں ثقافتوں کی جھلک دیکھنے کا موقع ملا۔
پروگرام میں تائیکوانڈو ٹیم، کوریائی ثقافتی فنکاروں اور مقبول کے پاپ بوائے گروپ این ٹی ایکس کی پرفارمنس طے کی گئی تھی۔ اسٹار انٹرٹینمنٹ، بی بی کیو چکن، اورین اور مکسو (ای لینڈ) جیسے برانڈز نے بھی اس جشن میں حصہ لیا۔ ان کے ذریعے آنے والوں کو کوریائی کھانوں، تفریح اور طرزِ زندگی سے روشناس کرانے کی کوشش کی گئی۔
دہلی میں پروگرام کے بعد 25 اکتوبر کو حیدرآباد کے شلپاکلا ویدیکا میں بھی ‘کوریا کلچر ڈے 2026’ منعقد کرنے کا پروگرام ہے۔ وہاں کوریائی ثقافت کے ساتھ تلنگانہ کے روایتی فنون کو بھی پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔
گزشتہ سال ممبئی میں منعقدہ کوریائی ثقافتی پروگرام کو حاصل ہونے والی پزیرائی کے بعد اس مرتبہ حیدرآباد میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر اس جشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے ستمبر میں کورین کلچرل سینٹر انڈیا نے آندھرا پردیش کے گنٹور میں کوریائی زبان، تائیکوانڈو اور کے پاپ سے متعلق ایک پروگرام منعقد کیا تھا۔
حیدرآباد میں ہونے والا یہ پروگرام تلنگانہ حکومت کے ساتھ ہوئے مفاہمت نامہ (ایم او یو) کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس میں حیدرآباد میں واقع جنوبی کوریا کے اعزازی قونصل خانے کا بھی تعاون حاصل ہے۔ کوریا فاؤنڈیشن فار انٹرنیشنل کلچرل ایکسچینج، ٹورنگ کے آرٹس اور انڈیا میں کورین یوتھ کامرس ایسوسی ایشن سمیت کئی ادارے اس جشن کی حمایت کر رہے ہیں۔
کورین کلچرل سینٹر انڈیا کے ڈائریکٹر کانگ کوون سو نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ہندوستانی نوجوانوں سمیت مختلف طبقوں کے لوگوں کو کوریائی ثقافت کا قریب سے تجربہ کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اہم شہروں میں ثقافتی پروگراموں کا دائرہ وسیع کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ ہندوستانی اور کوریائی ثقافتوں کو قریب لانے کے مزید مواقع پیدا ہو سکیں۔








