نئی دہلی، 19 جنوری (یو این آئی)
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے یومِ تاسیس کے موقع پر فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ڈی آر ایف قوم کے لیے ایک ’اعتماد کا ستون‘ بن کر ابھری ہے اور آفات سے محفوظ ہندستان کے لیے مودی حکومت کے وژن کو عملی شکل دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں امت شاہ نے وزیرِاعظم نریندر مودی کے ’آفات سے محفوظ ہندستان ‘ کے وژن کے تناظر میں این ڈی آر ایف کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی آر ایف وہ ’اعتماد کا ستون ہے جس پر قوم قدرتی آفات کے وقت بھروسہ کرتی ہے‘۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ امت شاہ نے اپنے پیغام کے ساتھ این ڈی آر ایف کی امدادی اور بچاؤ کارروائیوں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
امت شاہ نے لکھا،”این ڈی آر ایف ہیڈکوارٹر کے تمام اہلکاروں کو یومِ تاسیس کی دلی مبارکباد۔ آفات سے محفوظ ہندستان کی تعمیر کے لیے مودی حکومت کے عزم کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے این ڈی آر ایف آج قوم کے لیے اعتماد کا ستون بن چکی ہے ۔ دوسروں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے شہداءکو سلام۔”
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کا قیام 19 جنوری 2006 کو عمل میں آیا تھا۔ یہ فورس قدرتی اور انسانی ساختہ آفات سے نمٹنے کے لیے ایک ہمہ جہت، ماہر اور خصوصی ردِعمل فورس ہے ۔ اس کے اہم فرائض میں زلزلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے دوران تلاش و بچاؤ، سیلاب اور طوفان کے دوران امدادی کارروائیاں، کیمیائی، حیاتیاتی، تابکار اور جوہری ہنگامی حالات سے نمٹنا، اور طبی امداد فراہم کرنا شامل ہے ۔
این ڈی آر ایف کو ملک بھر میں اسٹریٹجک طور پر تعینات کیا گیا ہے ، جس کے تحت اس کی 16 بٹالینز اور 28 علاقائی ریسپانس مراکز قائم ہیں، جبکہ اس کی تربیتی اکیڈمی ناگپور میں واقع ہے ۔










