سرینگر//
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں امرناتھ غار کے گھپاکے قریب ہونے والی اموات اور تباہی بھاری بارش کی وجہ سے ہوئی ہے نہ کہ بادل پھٹنے کی وجہ سے۔
موسمیات کے سائنس دانوں کے مطابق، گھپا کے نذدیک جمعہ کی شام ساڈھے چار بجے سے شام ساڈھے ۶بجے کے درمیان ۳۱ملی میٹر بارش ہوئی، جسے بادل پھٹنے کے طور پر درجہ بندی کرنے کے لیے کافی کم ہے۔
آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے موہاپاترا نے کہا ’’امرناتھ غار کی عبادت گاہ کے قریب پہاڑوں کے اونچے حصے میں بارش کی وجہ سے اچانک سیلاب آیا ہو گا۔‘‘
آئی ایم ڈی کے مطابق، اگر کسی ویدر سٹیشن پر ایک گھنٹے میں ۱۰۰ ملی میٹر بارش ہوتی ہے تو بارش کے واقعے کو بادل پھٹنے کے طور پر درجہ بندی کیا جاتا ہے۔آئی ایم ڈی کے پاس امرناتھ غار کی عبادت گاہ کے قریب ایک خودکار ویدر اسٹیشن ہے جو یاترا کے دوران موسم کی پیشن گوئی فراہم کرتا ہے۔ تاہم، آس پاس کے پہاڑوں میں موسم کی نگرانی کے لیے کوئی اسٹیشن موجود نہیں ہے جس کی وجہ ان کی رسائی نہیں ہے۔