جموں/۶دسمبر
پونچھ پولیس نے متعدد فوجداری مقدمات میں مطلوب ایک مفرور ملزم کو کوچی ہوائی اڈہ کیرالہ سے گرفتار کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن منڈی کی ایک ٹیم نے کوچی ہوائی اڈہ کیرالہ سے کئی فوجداری مقدمات میں مطلوب ایک مفرور ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملزم فاروق عبداللہ ولد عبدالرحیم ساکن ساوجیاں منڈی ایف آئی آر نمبر۲۰۱۸/۹۴؍اور ایف آئی آر نمبر۲۰۲۰/۹۹میں مطلوب تھا جس کیلئے معزز عدالت نے سیکشن سی آر پی سی۲۹۹کے تحت گرفتاری کے دو جنرل وارنٹ جاری کیے تھے ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ شخص ایک طویل عرصے سے مفرور تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ضلع پولیس آفس پونچھ کی طرف سے جاری کردہ لک آؤٹ سرکیولر (ایل او سی) کی بنیاد پر، ملزم کو کوچی ہوائی اڈے پر روکا گیا اور حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ اطلاع ملنے کے بعد، پولیس اسٹیشن منڈی نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جسے ملزمین کی تحویل میں لینے کے لیے کیرالہ روانہ کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹیم کامیابی کے ساتھ ملزم کو واپس پونچھ لے آئی، جہاں اسے معزز سی جے ایم کورٹ پونچھ کے سامنے پیش کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔










