سرینگر//
ملک کے کچھ حصوں میں کورونا کیسز میں درج ہو رہے اضافے کے پیش نظر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ سرینگر کے ڈائریکٹر‘ ڈاکٹر پرویز احمد کول نے لوگوں سے گھبرانے کے بجائے ہوشیار رہنے کی تاکید کی ہے ۔
ڈاکٹر کول نے کہا کہ صورتحال تشویش ناک نہیں ہے لیکن کورونا پروٹوکال کو نظر انداز کرنے سے صورتحال خراب ہوسکتی ہے ۔
ڈائریکٹرسکمز نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا’’صورتحال تشویش ناک نہیں ہے کیونکہ مثبت معاملوں کی شرح ابھی اس قدر زیادہ نہیں ہے لہذا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن کورونا گائیڈ لائنز کو نظر انداز کرنے سے صورتحال بگڑ سکتی ہے‘‘۔
ڈاکٹر کول نے ملک کے کچھ حصوں میں کورونا کیسز میں درج ہو رہے اضافے کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز میں درج ہو رہا اضافہ ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کی دعوت دے رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وبا کو دور رکھنے کے لئے ماسک لگانے اور ہاتھوں کو بار بار دھونے کی ضرورت ہے ۔
سکمز کے ڈائکریٹر نے کہا کہ یونیورسٹی آف واشنگٹن کے ماڈلنگ اسٹیڈیز کے آئی ایچ ایم ای جیسے معتبر ادارے جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریوں میں مستقبل میں کورونا کی کسی بھی تازہ لہر کی پیش گوئی نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا’’تاہم کورونا سے بچنے کے لئے گائیڈ لائنز پر عمل در آمد ضروری ہے ‘‘۔
ڈاکٹر کول کا کہنا تھا کہ کورونا کے مثبت معاملوں کی شرح اتنی زیادہ نہیں ہے اور حکام صورتحال پر کڑی نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ دنیا اور ملک کے کچھ حصوں میں کیسز بڑھ رہے ہیں لہذا ہمیں بھی گھبرانے کے بجائے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔