سرینگر//
جموں کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نلن پربھات نے جمعے کو جنوبی کشمیر کے حساس ضلع کولگام کا دورہ کیا اور وہاں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی آپریشنل میٹنگ کی صدارت کی۔
ان کے ہمراہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر زون وی کے بردی بھی موجود تھے ، جبکہ اجلاس میں جی او سی وکٹر فورس، فوج کے سینئر افسران اور جموں و کشمیر پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ایس ایس پی کولگام نے اس موقع پر ضلع میں جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، سکیورٹی بندوبست اور آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ بریفنگ کے دوران ضلع میں سرگرم دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور ان کے خلاف جاری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ڈی جی پی نلن پربھات نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی حکمت عملی پر ازسرنو غور کی ضرورت ہے ، تاکہ پاکستانی دہشت گردوں کی جانب سے لاحق خطرے کو مؤثر طور پر ختم کیا جا سکے ۔
پربھات نے کہا’’دہشت گرد نیٹ ورکس پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے فورسز کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور معلومات کا بروقت تبادلہ ازحد ضروری ہے ‘‘۔
ڈی جی پی نے بعد ازاں زمینی سطح پر مختلف سکیورٹی تنصیبات اور چیک پوسٹس کا دورہ بھی کیا اور وہاں تعینات افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جوانوں کے حوصلے اور پیشہ ورانہ جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں مشترکہ کوششوں سے ریاست میں امن و استحکام قائم رکھنے میں کامیاب ہو رہی ہیں۔










