سرینگر//
پی ڈی پی لیڈر اور رکن اسمبلی وحید پرہ نے ہفتے کے روز کہا کہ وزراء کی کونسل میں توسیع کرنے میں تاخیر سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اقتدار تقسیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔
پرہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے سیاسی خلا کو ختم کرنے اور بیورکریٹک نظام کو ختم کرنے کے لیے ایک تاریخی یک طرفہ مینڈیٹ دیا۔
پی ڈی پی لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔
پرہ نے کہا’’وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ صاحب کا کہنا ہے کہ وہ ایک ’ہائبرڈ حکومت‘چلا رہے ہیں، لیکن جموں و کشمیر کے لوگوں نے سیاسی خلا کو ختم کرنے اور بیوروکریٹک نظام کو ختم کرنے کے لیے ایک تاریخی یک طرفہ مینڈیٹ دیا‘‘۔
ان کا سوالیہ انداز میں کہنا تھا’’تو پھر کابینہ میں توسیع کیوں نہیں ہوئی؟ اقتدار اب بھی چند لوگوں کے ہاتھوں میں کیوں ہے ، یہ جمہوریت نہیں ہے ، یہ بیوروکریٹک راج ۰ء۲ہے ، جو جمہوری مینڈیٹ کے پیچھے چھپا ہوا ہے‘‘۔
پرہ نے پوسٹ میں کہا’’مکمل کابینہ کی تشکیل میں تاخیر اقتدار کی تقسیم اور حکمرانی کو آگے بڑھانے میں واضح عدم دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’اقتدار تک محدود رسائی کے باعث لوگ زمینی سطح پرمشکلات کا شکار ہیں۔‘‘









