سرینگر//
جموں کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ ضلع میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر لیا ہے ۔
یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ۱۹۸۵کے سیکشن ایف۶۸کے تحت عمل میں لائی گئی۔
پولیس کے مطابق، ضبط کی گئی جائیداد میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان اور ۳۲مرلہ اراضی شامل ہے ، جو ضلع اننت ناگ کے علاقے گنڈ باغ سیر ہمدان، مٹن میں واقع ہے ۔ یہ جائیداد زبیر رمضان گنائی ولد محمد رمضان گنائی کے نام پر درج ہے ۔
زبیر رمضان گنائی کے خلاف ایف آئی آر نمبر۲۰۲۴/۰۴ دفعہ۲۰/۸‘۲۹؍این ڈی پی ایس ایکٹ اور۴۸؍ایکسائز ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن مٹن میں مقدمہ درج ہے ۔
پولیس کے مطابق تحقیقات اور تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل کی گئی آمدنی سے بنائی گئی ہے ، جس کی بنیاد پر پولیس نے اسے ضبط کیا۔
پولیس حکام کے مطابق زبیر رمضان گنائی فی الوقت ڈسٹرکٹ جیل بھدرواہ، جموں میں مقید ہے ۔پولیس نے اس کارروائی کو منشیات کے خلاف جاری مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس سماج کو منشیات سے پاک بنانے کے مشن پر کاربند ہے اور ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے ۔
پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے بارے میں معلومات فراہم کرکے اس مہم میں تعاون کریں تاکہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے ۔