لوک سبھا کے لیڈر آف اپوزیشن راہل گاندھی نے ہفتے کو پونچھ میں ایک اسکول کا دورہ کیا اور پاکستان کی سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ طلبہ سے بات چیت کی۔
گاندھی نے طلبہ سے کہا کہ اس مسئلے کا جواب دینے کا ان کا طریقہ یہ ہونا چاہیے کہ وہ واقعی محنت سے پڑھیں اور کھیلیں۔ ”اب، آپ نے خطرہ اور ایک خوفناک صورتحال دیکھی ہے، لیکن فکر نہ کریں، سب کچھ واپس معمول پر آجائے گا۔ اس مسئلے کا جواب دینے کا آپ کا طریقہ یہ ہونا چاہیے کہ آپ واقعی محنت سے پڑھیں اور کھیلیں اور اسکول میں بہت سے دوست بنائیں“۔
گاندھی نے پونچھ میں شہری علاقوں اور شری گرو سنگھ سبھا گردوارہ کا بھی دورہ کیا جو پاکستان کی سرحد پار گولہ باری سے متاثر ہوئے تھے۔
لوک سبھا کے لیڈر آف اپوزیشن نے ایکس پر اپنے دورے کے بارے میں بھی پوسٹ کیا۔ اس بات کا یقین دلایا کہ وہ لوگوں کی مانگوں اور مسائل کو قومی سطح پر اٹھائےں گے۔
ایکس پر ان کاکہنا تھا”آج میں نے ان خاندانوں سے ملاقات کی جو پونچھ میں پاکستان کی بمباری میں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ٹوٹے گھر، بکھری ہوئیں چیزیں، نم آنکھیں اور عزیزوں کی کھو جانے کی دردناک کہانیاں ہر گوشے میں…. یہ محب وطن خاندان ہر بار جنگ کا سب سے بڑا بوجھ بہادری اور وقار کے ساتھ اٹھاتے ہیں۔ ان کی بہادری کو سلام“۔
گاندھی کا مزید کہنا تھا”میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہوں – میں یقینی طور پر ان کے مطالبات اور مسائل کو قومی سطح پر اٹھاو¿ں گا۔“