سرینگر/۲۲ مئی
ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے کشمیر بھر میں اسکولوں کے لیے نئے اوقات کا اعلان کیا ہے۔
نئے اوقات کے مطابق، سری نگر کے میونسپل حدود میں آنے والے اسکول صبح 8:30بجے سے دوپہر2:30 بجے تک کام کریں گے۔
سرینگر اور کشمیر صوبے کے دیگر اضلاع کی میونسپل حدود سے باہر واقع اسکول صبح 9 بجے سے شام 3 بجے تک کام کریں گے۔
کشمیر میں جاری ہیٹ ویو کے پیش نظر اسکول کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔
دریں اثناوزیر برائے صحت و تعلیم سکینہ یتو کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کے پیش نظرا سکولوں کے اوقات کار میں پیر سے تبدیلی کی جائے گی۔
ایتو نے کہا کہ اسکولوں کے لئے گرمائی تعطیلات کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
ایتو نے کہا”ہیٹ ویو کے پیش نظر میں نے محکمے کو ہدایت دی ہے کہ ہم پیر سے اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کریں گے “۔
ان کا کہنا تھا”مجھے بھی کئی والدین کے فون آئے کہ گرمی کی وجہ سے بچے مارننگ اسمبلی کے دوران گر جاتے ہیں“۔
موصوفہ نے اسکول سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ مارننگ اسمبلی کا اہتمام کھلے میں نہیں بلکہ کسی بڑے ہال یا سایے کی جگہ پر کریں۔
گرمائی تعطیلات کے بارے میں سکینہ یتو نے کہا”جہاں تک گرمائی تعطیلات کا تعلق ہے تو اس میں ابھی تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا“۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں ان دنوں ہیٹ ویو چل رہی ہے جس سے بچنے کے لئے حکومت نے ایڈوئزری بھی جاری کی ہے ۔