نئی دہلی///
فضائیہ نے واضح کیا ہے کہ دہلی سے سری نگر جانے والی انڈیگو کی پرواز کو بدھ کو شدید طوفان میں پھنس جانے کے بعد سری نگر کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اترنے کے لیے مکمل مدد فراہم کی گئی تھی ، لاہور ایئر کنٹرول روم نے اسے سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
طیارہ بدھ کی شام سری نگر پہنچنے سے کچھ دیر پہلے شدید طوفان میں پھنس گیا تھا اور اس سے بچنے کے لیے پائلٹ نے خراب موسم کا حوالہ دیتے ہوئے لاہور میں پاکستان ایئر کنٹرول روم سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت طلب کی تھی لیکن اس نے انکار کر دیا تھا۔ ہندوستان اور پاکستان نے آپریشن سندور کی وجہ سے اپنی فضائی حدود ایک دوسرے کے طیاروں کے لیے بند کر دی ہیں۔
فضائیہ کے ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ پاکستان نے۲۳مئی کی آدھی رات۱۲بجے تک ہندوستانی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے ۔انھوں نے کہا کہ انڈیگو کے پائلٹ کو پاکستان سے اجازت نہ ملنے کے بعد، فضائیہ نے فوری طور پر طیارے کو سری نگر کے ہوائی اڈے پر اتارنے میں مکمل مدد فراہم کی۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل ناردرن ریجن کنٹرول روم نے پائلٹ کو مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ طوفان کے باعث طیارہ کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا تاہم طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔