نئی دہلی// کانگریس نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان میں بنائے جانے والے آئی فونز پر تازہ بیان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہندوستان میں سرمایہ کاری پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ مودی حکومت کو اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے اس کا جواب دینا چاہئے ۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ "ٹرمپ نے ایک بار پھر ایپل کے سی ای او ٹم کک سے کہا ہے کہ ہندوستان میں بنے آئی فونز کو امریکہ میں فروخت نہیں کیا جانا چاہئے ۔ صرف وہی آئی فونز جو امریکہ میں بنے ہیں امریکہ میں فروخت ہوں گے ۔ اگر ہندوستان میں بنے آئی فون امریکہ میں فروخت ہوتے ہیں تو 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔”
پارٹی نے لکھا، "قطر میں اس سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا – مجھے ہندوستان میں آئی فونز بننے سے مسئلہ ہے ، یہ ہندوستان کی سرمایہ کاری پر سیدھا حملہ ہے ۔ کیا نریندر مودی اس بیان کی مذمت کریں گے ؟ ٹرمپ مسلسل ایسے بیانات دے رہے ہیں، جس کا مودی حکومت کو جواب دینا چاہیے ، لیکن مودی حکومت خاموش ہے ۔ اس خاموشی کے پیچھے کیا وجہ ہے ؟”