جموں/27 مارچ
جموں کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں ملی ٹنٹوں کے ساتھ تازہ جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جہاں گزشتہ چار دنوں سے بڑے پیمانے پر ملی ٹنٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔
یہ جھڑپ آج صبح اس وقت شروع ہوئی جب سیکورٹی فورسز نے ہیرا نگر سیکٹر میں اتوار کو ہونے والے انکاو¿نٹر کے مقام سے تقریبا 30 کلومیٹر دور راج باغ کے گھاٹی جوتھانا علاقے کے جکھولے گاو¿ں کے قریب ملی ٹنٹوں کو دیکھا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک کمک بھیج دی گئی ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ ملی ٹنٹ وہی گروہ ہیں جو اتوار کی شام کو آدھے گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہنے والی فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہیرا نگر سیکٹر میں فرار ہوگئے تھے جب پولیس کے ایک اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد کے قریب سانیال گاو¿ں میں ایک نرسری میں ایک نرسری میں ان کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے کے بعد ایک آپریشن شروع کیا تھا۔
پولیس، فوج، این ایس جی، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف تکنیکی اور نگرانی کے آلات سے لیس اور ہیلی کاپٹر، یو اے وی، ڈرون، بلٹ پروف گاڑیوں اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے ہفتہ کے روز یا تو کھائی کے راستے یا سرحد پار سے ایک نئی بنائی گئی سرنگ کے ذریعے دراندازی کی تھی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کو خاص طور پر بلاور جنگل کی طرف جانے والے راستوں تک بڑھایا اور ملی ٹنٹوں کا سراغ لگانے میں کامیاب رہے۔
سرچ پارٹیوں کو پیر کے روز ہیرا نگر میں انکاو¿نٹر کے مقام کے قریب ایم 4 کاربین کے چار بھرے ہوئے میگزین ، دو دستی بم ، ایک بلٹ پروف جیکٹ ، سلیپنگ بیگ ، ٹریک سوٹ ، کھانے پینے کی اشیاءکے متعدد پیکٹ اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات بنانے کے لئے مواد سے بھرے الگ پولی تھین بیگ ملے۔
ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نلن پربھات کٹھوعہ میں ڈیرے ڈالے ہوئے تھے اور گزشتہ چار دنوں سے جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس بھیم سین ٹوٹی کے ساتھ ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ (ایجنسیاں)