جموں/۵مارچ
پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی وحید پرہ نے کان کنی سے بڑے پیمانے پر ماحولیاتی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ایک بڑا مافیا کان کنی کر رہا ہے جو جموںکشمیر خاص کر کشمیر میں وسیع پیمانے پر ماحولیاتی تباہی کا باعث ہے ۔
پرہ نے مرکزی وزیر ماحولیات سے جموں وکشمیر میں سڑکوں، ریلوے اور سرنگوں سمیت جاری منصوبوں کے ماحولیاتی جائزہ کے بارے میں وضاحت طلب کی ہے ۔
رکن اسمبلی نے بدھ کے روز یہاں میڈیا کو بتایا”جموںکشمیر میں ایک بہت بڑا مافیا کان کنی کر ہا ہے اور اس کان کنی اور ترقی کی وجہ سے جموں وکشمیر خاص طور پر کشمیر میں ماحولیاتی تباہی ہو رہی ہے کیونکہ یہاں کا ماحولیات نازک ہے “۔
پرہ نے کہا”ہم نے حکومت سے جموںکشمیر میں سڑکوں، ریلوے اور سرنگوں سمیت جاری منصوبوں کے ماحولیاتی جائزہ کے بارے میں وضاحت طلب کی ہے تاکہ ہمیں پتہ چلے کہ یہاں ماحولیاتی تباہی کیوں ہو رہی ہے “۔
پی ڈی پی رکن اسمبلی کا کہنا تھا”خاص طور پر دریائے جہلم میں ضرورت سے زیادہ ریت، مٹی اور پتھر کی کان کنی پانی کے ذرائع میں کمی کا باعث بن رہی ہے جس سے مقامی کنویں اور تالاب متاثر ہو رہے ہیں“۔
پرہ نے کہا کہ سیاحوں کی غیر منظم آمد سے گلیشئز اور پانی کے ذخائر متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا”یاترا تب چلے گی جب یہاں گلیشئرز ہوں گے “۔
اپوزیشن لیڈر نے عدالت عظمیٰ کے رہنما خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے جو وقتاً فوقتاً ماحولیاتی جائزوں کو لازمی قرار دیتے ہیں، کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کو نافذ کئے جانے چاہئے ۔
پرہ نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی وسائل کے کم سے کم نقصان کو یقینی بنانے کے لیے ہر حکومتی منصوبے کا ماحولیاتی جائزہ لیا جانا چاہیے ۔