سرینگر//
پولیس نے وادی کشمیر کے کولگام اور بڈگام اضلاع میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن قیموہ کی ایک پارٹی نے کھڈ ونی بائی پاس پر ایک ناکے کے دوران ایک مشکوک شخص جو ایک بیگ اٹھائے ہوئے تھا، کو روکا۔
ترجمان نے کہا گرچہ اس شخص نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے۵ء۲کلو بھنگ جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدہ کی شناخت محمد امین بٹ ولد محمد عبداللہ بٹ ساکن شمسی پورہ بجبہاڑی طور پر کی گئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن قیموہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
اسی طرح کی ایک کارروائی میں پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے بیروہ علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن بیروہ کی ایک پارٹی نے رانکی پورہ میں ایک ناکے پر ایک مشکوک شخص کو دیکھا جس نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے چرس جیسے مواد کی تین چھڑیاں بر آمد کی گئیں جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت محمد سلیم شاہ ولد مشتاق احمد شاہ ساکن پتی سیل بیروہ کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بیروہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
ادھرپولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن شوپیاں کی ایک پارٹی نے ناگی شیرن کراسنگ پر ناکے کے دوران ہرمین سے شوپیاں کی طرف آ رہے ایک موٹر سائیکل کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران موٹر سائیکل کے فرسٹ ایڈ کٹ سے چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت محمد لطیف ملک ولد محمد یوسف ملک ساکن بونہ گام شوپیاں اور توصیف مشتاق ولد مشتاق احمد وگے ساکن نیو کالونی لارگام کے طور پر ہوئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن شوپیاں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے تمام شہریوں سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کو تعاون دینے کی اپیل کی ہے ۔