گاندربل//
گاندربل میں میر بابا حیدر خانقاہ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بریزا کار جس کا رجسٹریشن نمبر نامعلوم ہے، دونوں پیدل چلنے والوں سے ٹکرا گئی اور موقع سے فرار ہوگئی۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عبدالرشید ڈار ولد عبدالاحد ساکن شیر پورہ تلملہ اور عبدالقیوم شیخ ولد علی محمد ساکن نیو کالونی تلملہ کے نام سے ہوئی ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں کو علاج کیلئے ضلع اسپتال گاندربل لے جایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ عبدالرشید ڈار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ عبدالقیوم شیخ زیر علاج ہیں۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حادثے میں ملوث ڈرائیور اور گاڑی کا سراغ لگانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
اس دوران شمالی ضلع بارہ مولہ کے پٹن علاقے میں لوڈ کیرئیر اور گاڑی کے درمیان زور دار ٹکر کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح پٹن میں لوڈ کیرئیر اور نجی گاڑی کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے لوڈ کیرئیر میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔
زخمیوں کی شناخت ہلال احمد گنائی ولد ثنا اللہ گنائی ، مدثر احمد ہجام ولد نثار احمد ہجام ساکنان ہائی گام اور مہر الدین پنڈت کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔