اکھنور14 جنوری
جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ فوجیوں کی چوکس رہنے کی وجہ سے لوگ رات کے وقت آرام سے سوتے ہیں۔
وہ بھارتی فوج کی جانب سے منعقدہ سابق فوجیوں کی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس تقریب کو بھارتی فوج نے اکھنور سے براہ راست نشر کیا۔
عمر عبداللہ نے سابق فوجی جوانوں کی خدمات اور قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ وہ لوگ ہیں جنہوں نے کل کی پرواہ نہیں کی، آپ نے اپنی پوری سروس کے دوران قربانیاں دی ہیں۔
وزیر اعلیٰ کاکہنا تھا”اب ہماری باری ہے کہ آپ کی دیکھ بھال کریں۔ اگر ہم رات کو سوتے ہیں تو اس کی وجہ لائن آف کنٹرول پر آپ کی چوکسی ہے۔ ہمیں پختہ یقین ہے کہ آپ سرحدوں کی اچھی طرح دیکھ بھال کر رہے ہیں“۔
عمر عبداللہ نے مزید یقین دلایا کہ جموں و کشمیر حکومت بھرتی کے عمل میں فوجیوں کےلئے رکھے گئے ریزرویشن کا خیال رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھرتی میں جو سابق فوجیوں کے لئے ریزرویشن ہے اس کو استعمال کیا جائے گا اور ان کے لئے مختص مالی اسکمیوں کو عمل میں لانے کے لئے کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا”میری کابینہ میں بھی ایک سابق فوجی کا بیٹا ستیش شرما بحیثیت وزیر میری مدد کر رہا ہے اور ہم دونوں آپ کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ جہاں بھی آپ کو ہماری ضرروت پڑے گی ہم آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے “۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سابق فوجیوں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔