نئی دہلی/۷جنوری
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے منگل کے روز اعلان کیا کہ وہ جموں و کشمیر میں برفانی حالات کی وجہ سے بعد میں ضمنی انتخابات کرائے گا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ان کے پاس انتخابات کرانے کے لئے اب بھی وقت ہے۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بڈگام اور نگروٹا میں ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان آج نہیں کر رہے ہیں کیونکہ علاقے میں برفباری جاری ہے۔
سی ای سی نے کہا کہ ان کے پاس انتخابی مشقوں کے انعقاد کے لئے 20 اپریل تک کا وقت ہے۔
عمر عبداللہ نے 21 اکتوبر کو بڈگام سیٹ خالی کی تھی جبکہ نگروٹا سیٹ 31 اکتوبر کو دیویندر سنگھ رانا کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 151 اے کے مطابق کسی بھی خالی جگہ کو بھرنے کے لئے ضمنی انتخاب خالی ہونے کی تاریخ سے چھ ماہ کے اندر ہونا ضروری ہے۔
بی جے پی دیویندر سنگھ رانا کی بیٹی دیویانی رانا کو نگروٹا سیٹ سے اپنا امیدوار بنا سکتی ہے، لیکن بڈگام سیٹ کے لئے نیشنل کانفرنس کا امیدوار کون ہوگا، اس بارے میں بڑے پیمانے پر تجسس ہے۔
نیشنل کانفرنس نے اپنے امیدوار کے بارے میں کوئی اشارہ نہیں دیا ہے، جس سے سیاسی مبصرین اور رائے دہندگان میں دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔
2024 کے جموں و کشمیر انتخابات میں عمر عبداللہ نے علیحدگی پسند رہنما آغا حسن کے بیٹے منتظر مہدی کو 18,000سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر بڈگام سیٹ جیتی تھی۔ دیویندر سنگھ رانا نے نیشنل کانفرنس کے جوگندر سنگھ کو 30,472 ووٹوں سے شکست دے کر نگروٹا سیٹ جیت لی۔
دریں اثناکمیشن نے دہلی اسمبلی انتخابات کا آج اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ۵ فروری اور ان کی گنتی ۸ فروری کو ہو گی۔