’پر سکون ہو ا‘ مٹی کی بو ، لوگوں کی طرف سے دکھائی جانے والی قدرتی خوبصورتی اور محبت نے میرا دل جیت لیا ہے‘
سرینگر//
مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے جمعہ کو ملک کے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر کا دورہ کریں۔
چوہان نے کہا’’میں عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہاں کے لوگ محبت اور گرمجوشی سے بھرے اپنے دلوں سے استقبال کا انتظار کر رہے ہیں۔ لہذا ، بغیر کسی خوف کے یہاں آئیں اور محبت اور بھائی چارے کی ایک نئی مثال قائم کریں‘‘۔
وزیر زراعت اور دیہی ترقی شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ایس کے یو اے ایس ٹی) کے چھٹے کنووکیشن کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
کانووکیشن میں جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی شرکت کی۔
مرکزی وزیر کی اپیل ۲۲؍اپریل کو پہلگام حملے کے تناظر میں سیاحت میں کمی کے بعد سامنے آئی ہے جس میں۲۵ سیاحوں اور ایک مقامی ٹٹو آپریٹر کو دہشت گردوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا’’میں کل سے سری نگر میں ہوں ، اور مسلسل لوگوں کے درمیان رہا ہوں۔پُر سکون ہوا‘، مٹی کی بو ، لوگوں کی طرف سے دکھائی جانے والی قدرتی خوبصورتی اور محبت نے میرا دل جیت لیا ہے۔ یہ واقعی ہندوستان کا تاج اور زمین پر جنت ہے ‘‘۔
چوہان نے کہا’’میں نے ڈل جھیل کا بھی دورہ کیا اور وہاں شکارا کی سواری کی۔ ایک جذباتی واقعہ جس نے میرے دل کو چھو لیا جب ایک شکارہ والا نے مجھ سے پوچھا’’ماما ، لوگوں کو یہاں آنے کو کہو۔ ہمارے دل ان کے لیے محبت سے بھرے ہوئے ہیں‘‘۔
مرکزی وزیر زراعت نے کہا کہ انہوں نے جموں کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور ان کے ساتھ زراعت اور دیہی ترقی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
چوہان نے کہا کہ مرکز جموں و کشمیر کو باغبانی کا مرکز بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے سیب ، بادام اور اخروٹ کے لیے ۱۵۰ کروڑ روپے کا کلین پلانٹ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کاکہنا تھا’’کسانوں کو اچھے معیار کے ، بیماری سے پاک پودوں کی ضرورت ہے اور یہ مرکز اسے فراہم کرے گا۔ نجی نرسریاں قائم کرنے والوں کو بھی سبسڈی دی جائے گی۔ زعفران کے لیے ٹشو کلچر لیب بھی قائم کی جائے گی‘‘۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ پی ایم آواس یوجنا کے تحت پانچ لاکھ لوگوں کا سروے کیا گیا ہے اور تصدیق کے بعد انہیں مکانات دیے جائیں گے۔
وزیر زراعت نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ فیصلے پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔
چوہان نے کہا’’ہم وزیر اعظم کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے پانی کو ہمارے ملک اور خاص طور پر جموں و کشمیر کے کسانوں کے لیے محفوظ کیا۔ اب ہمارا پانی ہمارے کھیتوں کو سیراب کرے گا جس سے ہمارے کسانوں کی تقدیر بدلے گی‘‘۔
مرکزی وزیر زراعت نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ جموں کشمیر کے کسانوں کو بھی ان کے قدرتی وسائل کا مکمل فائدہ دیا جائے تاکہ زرعی ترقی اور دیہی خوشحالی ممکن ہو سکے ۔
چوہان کا یہ دورہ جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کی نگرانی اور خواتین و دیہی کسانوں کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ مشن ریاست میں مزید بہتر نتائج دے گا۔
چوہان نے کہا کہ ملک بھر میں جاری نیشنل رورل لائیولی ہُڈ مشن(این آر ایل ایم) کا بنیادی مقصد خواتین کو خودکفیل بنانا اور ان کی زندگی سے غربت کا خاتمہ کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس مشن کے تحت جموں و کشمیر میں بھی بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے ، جہاں متعدد خواتین نے اپنی محنت اور عزم سے اپنی زندگیوں کو بدل دیا ہے ۔
چوہان نے کہا’’ہماری بہنیں اور بیٹیاں عزت کے ساتھ جینے کی حق دار ہیں۔ یہی سوچ کر ہم نے ’امید پروگرام‘کے تحت ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے ۔ آج کئی خواتین ایسی ہیں جو سالانہ ایک لاکھ روپے سے زیادہ کما رہی ہیں۔ کام کوئی چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا، اصل اہمیت خودانحصاری اور خوداعتمادی کی ہوتی ہے ‘‘۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک بھر میں خواتین کو بااختیار بنانے کی مہم جاری ہے ، جس سے دیہی معیشت کو بھی تقویت مل رہی ہے ۔ جموں و کشمیر کی حکومت بھی اس سمت میں سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے ۔