سرینگر//
سری نگر میں جمعہ کو موسم کا دوسرا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، جس سے وادی کشمیر میں گرمی کی لہر کے حالات میں تکلیف ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن کا درجہ حرارت۳ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، جو اس سیزن کا دوسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔
وادی کے دیگر حصوں میں قاضی گنڈ میں۴ء۳۴ ڈگری سینٹی گریڈ‘ پہلگام میں۲ء۳۰؍اور کپواڑہ میں۴ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کوکرناگ نے ۴ء۳۳ ڈگری سینٹی گریڈکو چھو لیا ، جبکہ عام طور پر ٹھنڈے گلمرگ میں بھی۰ء۲۶ ڈگری سینٹی گریڈ اور پہلگام میں۲ء۳۰ ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔
جموں ضلع میں درجہ حرارت۰ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا (۰ء۱ ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے کم) بانہال میں۸ء۲۹‘‘بٹوٹ میں۰ء۲۷ ‘بھدرواہ ۳ء۳۲ اورکٹرا میں۰ء۳۲ ڈگری سینٹی گریڈدرج کہا گیا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ لداخ میں ، لیہہ میں ۰ء۳۱ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کرگل میں۴ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ ۵جولائی کو بھی موسم گرم اور ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ شام دیر گئے گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ۶سے۸جولائی تک موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے جبکہ اس دوران جموں صوبے میں کہیں کہیں تیز اور بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ۹؍اور۱۰جولائی کو بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں۱۱؍اور۱۲جولائی کو موسم ایک بار پھر گرم اور مرطوب رہ سکتا ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ۶سے ۸جولائی تک کچھ کمزور مقامات پر سیلابی ریلے آنے ، لینڈ سلائنڈنگ اور چٹانیں کھسکنے کے خطرات ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران دریا ئوں، ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی امکان ہے ۔