سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے آج شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے لیے بالتل ، گاندربل میں شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے یاتری نواس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔
او این جی سی نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری پہل کے تحت یہ سہولت تیار کی ہے ، جس میں۸۰۰ یاتریوں کو جگہ دی جائے گی اور اس میں ایک رجسٹریشن اور سکیورٹی بلاک بھی شامل ہوگا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم‘نریندر مودی اور پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کا شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کی حمایت کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
اسنہا نے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت۲۴۰ کروڑ روپے کی لاگت سے سدھرا جموں ، بالتل ، ننوان اور بجبہاڑہ میں یاتری نواس کے قیام کا کام شروع کرنے پر او این جی سی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ان کاکہنا تھا’’تمام عقیدت مندوں کے لیے محفوظ اور مناسب رہائش ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم مقامی لوگوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کی روزی روٹی کو محفوظ بناتے ہوئے یاتریوں کے لیے بہتر سہولیات پیدا کر رہے ہیں۔ فی الحال سدھرا ، ننوان فیزون اور بجبہاڑہ میں یاتری نواس کا کام جاری ہے۔ ننون میں یاتری نواس کے اس سال اکتوبر کے مہینے سے پہلے مکمل ہونے کی امید ہے‘‘۔
پٹریوں کی چوڑائی اور حفاظتی ریلنگ کی تنصیب نے یاتریوں کی محفوظ اور پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنایا ہے۔ آج پٹریوں کو گرڈ پاور سے روشن کیا جاتا ہے اور اس سے یاتریوں کو بڑی راحت ملی ہے اور۷x۲۴ نگرانی کا موقع بھی ملا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پنچترنی سے چندنواری تک گرڈ پاور کنیکٹیویٹی کو اگلے سال تک یقینی بنایا جائے گا۔
سنہا نے یاترا کے ہموار انعقاد کے لیے پولیس ، سیکورٹی فورسز ، انتظامیہ ، شرائن بورڈ ، عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں ، انجینئروں ، مزدوروں ، صفائی ستھرائی کے کارکنوں ، سول سوسائٹی گروپوں ، لنگر سیوا تنظیموں ، مقامی لوگوں اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کی بھی تعریف کی۔
بالتل بیس کیمپ کے اپنے دورے کے دوران ، لیفٹیننٹ گورنر نے بابا برفانی کے خدمت فراہم کرنے والوں اور عقیدت مندوں سے بھی بات چیت کی اور تمام یاتریوں کو محفوظ زیارت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مقدس گھپا میں ۲۰ہزار سے زیادہ عقیدت مند پہلے ہی درشن کر چکے ہیں۔
سنہا نے کہا’’یاتری عقیدے اور روایت کے اس سفر کا حصہ بننے پر خود کو خوش قسمت اور پرجوش محسوس کر رہے ہیں۔ شری امرناتھ جی یاترا کے لیے پورے جموں و کشمیر میں جشن اور جوش و خروش کا ماحول ہے‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام عقیدت مندوں کا پرتپاک استقبال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقررہ تاریخ سے پہلے پہنچنے والے یاتریوں کو جگہ دی جائے گی ، تاہم انہیں انتظار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ جن عقیدت مندوں نے پہلے رجسٹریشن کروائی تھی انہیں ترجیح دی جائے گی۔