سرینگر//
سرینگر میں جمعہ کی صبح آٹھویں محرم کا جلوس مسلسل دوسرے برس بھی گرو بازار سے برآمد ہوا۔
واضح رہے کہ حکام نے مسلسل دوسرے برس اس روایتی جلوس کو بر آمد ہونے کی اجازت دی۔ سال گذشتہ یہ جلوس زائد از تین دہائیوں کے طویل وقفے کے بعد بر آمد ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی علی الصبح سے ہی وادی کے مختلف علاقوں سے سیاہ لباس میں ملبوس اور ہاتھوں میں علم اٹھائے عزا دار گرو بازار میں جمع ہوئے اور جلوس عزا بر آمد کیا گیا۔وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ سری نگر میں عزاداروں کا ایک سیلاب سا امڈ آیا اور اور عزدارنوحے پڑھتے ہوئے اور سینہ کوبی کرتے ہوئے مولانا آزاد روڈ کے راستے سے ڈل گیٹ کی طرف بڑھنے لگے ۔
عزادار ’لبیک یاحسینؑ‘کے نعرے بلند کر رہے تھے اور ان کی آنکھیں غم شہدا کربلا میں اشک بار تھیں۔
صوبائی کمشنر کشمیر وی کے بدھوری، آئی جی پی کشمیر وی کے بردی اور دیگر سیول و پولیس کے افسران زمینی سطح پر موجود انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے اور سبیلوں پر عزاداروں میں پانی تقیسم کر رہے تھے ۔جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئی تھیں اور طبی و دیگر انتظامات کا بھی بھر پور بند وبست کیا گیا تھا۔
صوبائی کمشنر نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا’’امسال مسلسل دوسرے برس آٹھویں محرم کے اس تاریخی جلوس کو روایتی راستے سے بر آمد ہونے کی اجازت دی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شرکت کر رہے ہیں جن کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس میں رضاکار بھی مدد کر رہے ہیں‘‘۔
بدھوری نے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں اور سیکورٹی کے بھی بہتریں انتظامات کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ رضا کار جلوس عزا کے منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مدد کر رہے ہیں۔
صوبائی کمشنر نے کہا’’عزاداروں سے گذارش ہے کہ وہ حقیقی مقصد پر توجہ مرکوز کریں، اس جلوس کا بنیادی مقصد امن و آشتی اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنا ہے ‘‘۔
آئی جی پی کشمیر زون ودھی کمار بردی نے بتایا’’آج۸محرم الحرام ہے اور عزداروں کیلئے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’پورے راستے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے تمام ضروری اقدام کئے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ دوسرے راستوں پر مسافروں کے آرام دہ سفر کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔
شری امرناتھ جی یاترا کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر بردی نے کہا کہ شری امرناتھ جی یاترا بحسن و خوبی چل رہی ہے اور اس کیلئے سیکورٹی کے کثیر جہتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
بڈگام سے تعلق رکھنے والے علی محمد نامی ایک عزادار نے بتایا’’میں سال بھر دعا کرتا رہتا ہوں کہ میں اس جلوس عزا میں شریک ہوجائوں‘‘۔انہوں نے کہا’’لگاتار دوسرے برس ہم اس جلوس میں شرکت کر رہے ہیں جو ہمارے لئے ایک بہت ہی بڑی سعادت ہے‘‘۔
حکومت اور رضاکاروں کی طرف سے کئے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا’’حکومت اور رضاکاروں نے عزاداروں کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں، جگہ جگہ سبیلیں ہیں، طبی کمیپ ہیں۔‘‘