سرینگر//
اننت ناگ راجوری حلقہ سے رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے جمعرات کو مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو سے اپیل کی کہ اننت ناگ کو دہلی سرینگر وندے بھارت ایکسپریس کے لئے مخصوص اسٹاپ کے طور پر شامل کیا جائے۔
ایک تحریری بیان میں الطاف نے مرکزی وزیر ریلوے سے اپیل کی کہ اننت ناگ کو دہلی سرینگر وندے بھارت ایکسپریس کے اسٹاپ کے طور پر شامل کیا جائے۔
الطاف نے کہا’’مجھے پتہ چلا ہے کہ کشمیر میں اگلے سال۲۵ جنوری سے وندے بھارت سلیپر ٹرین خدمات شروع ہوں گی۔ مزید برآں، سرینگر کیلئے ریلوے لائن کے آپریشنل ہونے کے بعد، لوگ ٹرین میں براہ راست کشمیر کا سفر کرسکیں گے۔ ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے بعد اننت ناگ وادی کشمیر کا پہلا اہم ضلع ہے اور اننت ناگ میں ٹرین روکنے سے ملحقہ ضلع کے لوگوں کو بھی مدد ملے گی‘‘۔
این سی ممبر لوک سبھا کاکہنا تھا’’اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقہ کا منتخب نمائندہ ہونے کے ناطے مجھے واقعی خوشی ہوگی اگر ٹرین کا اسٹاپ اننت ناگ ضلع میں بھی بنایا جائے تاکہ میرے حلقہ اور دیگر ملحقہ اضلاع کے لوگوں کو اس کا فائدہ ملے۔‘‘
توقع ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی۲۵ جنوری کو نئی دہلی سے ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔