سرینگر///
ہندوارہ پولیس اور قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران شمالی کشمیر کے قصبہ ہندوارہ میں ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کیا ہے ۔
گرفتار شدہ کی شناخت منیر احمد بانڈے ساکن بانڈے محلہ ہندوارہ کے طور پر کی گئی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ملزم پر پانچ لاکھ روپیے کا انعام تھا۔انہوں نے کہا’’ملزم این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ نمبر۲۰۲۰/۰۳کے سلسلے میں جون۲۰۲۰سے گرفتاری سے بچ رہا تھا‘‘۔
بیان میں کہا گیا’’منیر احمد بانڈے کروڑوں روپیوں کی منشیات کی اسمگلنگ کے کیس میں ملوث تھا جس کے غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے فنڈنگ کے اہم مضمرات تھے ‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ منیر احمد بانڈے کی گرفتاری ہندارہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے لیے منظم جرائم اور منشیات کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک بڑی کامیابی ہے ۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ یہ آپریشن مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے پولیس اور این آئی اے کے عزم کو واضح کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔